چنڈی گڑھ،17؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی)پنجاب اسمبلی انتخابات کی ہلچل کے درمیان متحدہ کسان مورچہ نے بڑافیصلہ کیاہے- کسان مورچہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے والی کسان تنظیمیں اب متحدہ کسان مورچہ(SKM)کا حصہ نہیں رہیں گی- مرکز کے تین زرعی قوانین کے خلاف تحریک کی قیادت کرنے والی ایس کے ایم نے یہ جانکاری دی ہے-دراصل متحدہ کسان مورچہ کے لیڈروں نے سنگھو سرحد پر کونڈلی میں میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس کی ہے- متحدہ کسان مورچہ کے رہنما یودھویر سنگھ نے کہا ہے کہ کسان مورچہ پنجاب میں الیکشن لڑنے والی کسان تنظیموں سے متفق نہیں ہے اور وہ اب اس محاذ کا حصہ نہیں بنیں گی- انہوں نے واضح طورپرکہاہے کہ الیکشن میں حصہ لینے والی تنظیمیں ایس کے ایم کا حصہ نہیں ہیں، یہ تنظیمیں اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری جائیں گی- ایس کے ایم لیڈر یودھویر سنگھ نے کہاہے کہ راکیش ٹکیت متاثرین، جیل میں بند کسانوں اور عہدیداروں سے ملاقات کریں گے- اگر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تو کسان تنظیمیں لکھیم پور میں دھرنا دے سکتی ہیں -تنظیم نے اپنے بیان میں کہاہے کہ یونائیٹڈ کسان مورچہ لکھیم پور کھیری قتل عام کیس میں بی جے پی کی بے شرمی اور بے حسی کے خلاف ایک مستقل محاذبنائے گا- ایس کے ایم نے زرعی قوانین کے خلاف دسمبر2021تک دہلی کی سرحدوں پر احتجاج کی قیادت کی تھی-سنگھ نے یہ بھی کہاہے کہ ایس کے ایم پنجاب میں الیکشن لڑنے والی کسان تنظیموں سے متفق نہیں ہے اور وہ اب ایس کے ایم کا حصہ نہیں رہیں گے- انہوں نے کہاہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والی تنظیمیں ایس کے ایم کا حصہ نہیں ہیں - ہم آنے والے دنوں میں ایس کے ایم کی میٹنگ میں ان کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں فیصلہ لیں گے-